بیدر28اکتوبر (ایس او نیوز؍محمدامین نوازبیدر )بیدر شہر میں29؍اکتوبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں بیدر ۔گُلبرگہ پیاسنجر ڈیمو ٹرین کا افتتاح اور جلسہ عام کی تیاریوں میں سرکاری عہدیداران‘ محکمہ پولیس‘محکمہ ریلوے کے اعلی افسران کو مصروف دیکھا گیا ۔بیدر ریلوے اسٹیشن کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی 6بجے شام بیدر ۔گُلبرگہ پیاسنجرڈیمو ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ اس کے بعدنہرواسٹڈیم بیدر میں جلسہ عام کو خطاب کریں گے۔ان دونوں مقامات پر پولیس کا سخت بندوبست دیکھا گیا ۔پولیس کے اعلیٰ افسران اس پروگرام بندوبست کیلئے بیدر پہنچ گئے ہیں ۔اس پروگرام میں ریاست کرناٹک کے چیف منسٹر مسٹر سدارامیا اور گورنر وجو بھائی والا بھی بیدر تشریف لارہے ہیں ۔بی جے پی کے نوجوان قائد مسٹر سوریہ کانت ناگما رپلی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بیدر شہر میں وزیر اعظم ہند مسٹر نریندر مودی کے عظیم الشان و تاریخی پروگرامس میں شرکت کرتے ہوئے اس پروگرام کو کامیاب بنایا جائے ۔